پاکستان میں پہلا روزہ 14 اپریل کو ہونے کا امکان

کراچی (این این آئی) معروف فلکیات، سائنسدان اور رویت ہلال کے ماہر پروفیسر ڈاکٹر شاہد قریشی نے کہاہے۔ کہ 29شعبان کو چاند کی رویت سے پاکستان میں پہلا روزہ بدھ 14 اپریل کو ہوگا۔دنیا میں رمضان کے چاند کی پیدائش 12 اپریل 2021کی صبح ہوگی۔ اس روز پاکستان میں 28 شعبان ہوگی اور 12 اپریل کو پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر خطوں میں غروب آفتاب کے وقت رمضان کے چاند کی رویت ناممکن ہے۔

کیونکہ اس روز غروب آفتاب کے ٹھیک 18 منٹ اور 37 سیکنڈ کے بعد چاند خود بھی غروب ہوجائے گا۔ اور قطعی امکان ہے کہ 13 اپریل بمطابق 29 شعبان پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر علاقوں میں رمضان کا چاند نظر آجائے۔ ماہرفلکیات ڈاکٹر شاہد قریشی سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق پیر12 اپریل کو رمضان کے چاند کی پیدائش پاکستان کے وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 30 منٹ پر عمل میں آئے گی۔ اس لیے 12 اپریل کی شام کو دنیا میں کہیں سے ہلال نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔ البتہ اس شام امریکی ممالک میں دوربین سے ہلال نظر آنے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ اس شام یعنی پیر12 اپریل بمطابق 28 شعبان کراچی میں غروب آفتاب 6 بج کر 52 منٹ اور 39 سیکنڈ پر ہے۔ جبکہ غروب ہلال7 بج کر 11منٹ اور16سیکنڈ پر ہوگا اور فرق غروبین (غروب آفتاب و غروب ہلال) 18 منٹ 37 سیکنڈ ہوگا۔ جبکہ اس روز پیر کو غروب آفتاب کے وقت ہلال کی عمر 12 گھنٹے 50 منٹ ہوگی اورہلال غروب آفتاب کے بعد صرف 18 منٹ 37 سیکنڈ میں ہی غروب ہو جائے گا۔ ڈاکٹر شاہد قریشی کے مطابق اسی روز پیر کو ہلال مکہ میں غروب آفتاب کے بعد صرف 23 منٹ کے اندر غروب ہو جائے گا۔ جبکہ ہلال کی غروب آفتاب کے وقت افق سے بلندی صرف 5 ڈگری ہو گی،13  اپریل 2021 کی شام ہلال پوری دنیا میں آسانی سے نظر آنے کا امکان ہے۔ڈاکٹر شاہد قریشی کے مطابق اسی روز منگل 13 اپریل کو ہلال مکہ میں غروب آفتاب کے بعد 1 گھنٹہ 12 منٹ اور 26 سیکنڈ تک غروب ہو گا چنانچہ وہاں سے بھی ہلال آسانی سے نظر آ جائے گا تاہم سعودی روایات کے مطابق سعودی عرب میں پہلا روزہ 13 اپریل کو ہی ہونے کا امکان ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

shares